سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی پر کرپشن کے الزام میں فرد جرم عائد

Nicolas Sarkozy

Nicolas Sarkozy

پیرس (جیوڈیسک) سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی پر رشوت اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ نکولس سرکوزی کو گزشتہ روز حراست میں لینے کے بعد کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے حوالے سے تقریبا 15 گھنٹوں تک تفتیش کی گئی۔

عدالتی حکام نے سابق فرانسیسی صدر سے 2007 کے انتخابات کے دوران اپنی مہم کے لئے لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی سے مبینہ طور پر 500 کروڑ یورو لینے کے حوالے سے بھی تحقیقات کیں۔ اس کے علاوہ نکولس سرکوزی سے صدارتی انتخاب میں بے ضابطگیوں کی تفتیش کرنے والے عدالتی پینل کی معلومات جمع کرنے کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔

واضح رہے کہ سابق فرانسیسی صدر کو گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا تھا اور فرانس کے قانون کے مطابق کسی بھی شخص کو عدالت کے روبرو پیش کئے جانے کا مطلب ہے کہ اس کے خلاف باقاعدہ طور پر عدالتی کارروائی کا آغاز ہو رہا ہے۔

دوسری جانب سرکوزی اپنے اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے چلے آئے ہیں تاہم اگر نکولس سرکوزی پر لگنے والے الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو انہیں 5 برس تک قید اور 5 لاکھ یورو جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے جو ان کے سیاسی مسقتبل کو تباہ کر سکتی ہے۔