لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آئندہ چند روز میں یوم انقلاب کا اعلان کروں گا، حکومت چند روز کی مہمان ہے۔پولیس اہلکار، سرکاری ملازمین آئین اور قانون کے تابع ہو جائیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مرکزی سطح پر عوامی انقلابی کونسلز قائم کی جائیں گی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اپنی سمت درست کر لیں۔
سیکیورٹی ادارے ہمارے کارکنوں کا ہراساں نہ کریں۔ پولیس کرپٹ حکمرانوں کے ماتحت کام کر رہی ہے، عوام کو ہراساں کرنے، آئین شکنی اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کی سزا کا فیصلہ پندرہ دن میں کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ پولیس اہلکار کرپٹ حکمرانوں کے ناجائز احکامات ماننے سے انکار کر دیں۔ میں سرکاری ملازمین، سیکیورٹی اہلکاروں کو وارننگ دے رہا ہوں کہ وہ حکومتی خدمات سے معذرت کر لیں ورنہ چند روز کے اندر ان کا احتساب ہونے والا ہے پھر پچھتائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ 100 کھرب کی سونے کی کان پر چور کو رکھوالا بنا دیا گیا ہے۔ ریکوڈک منصوبے کے متعلق جلد پریس کانفرنس کروں گا۔