واشنگٹن (جیوڈیسک) واشنگٹن حکومت نے متعدد غیرملکی ہوائی اڈوں کو ہدایات دی ہیں کہ امریکا کے لیے پرواز کرنے والے مسافروں اور طیاروں کی سخت ترین چیکنگ کی جائے۔
انسداد دہشت گردی کے شعبے سے وابستہ ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پروازوں میں سکیورٹی میں اضافے کی خبروں کی تصدیق کی۔ تاہم امریکی حکام کی جانب سے یہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں کہ یہ اقدامات کن خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے۔
ماضی میں سکیورٹی حکام ایسے غیردھاتی دھماکا خیز مواد کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں، جو کسی مسافر کے جسم کے اندر چھپایا جا سکتا ہے۔ ایسا مواد میٹل ڈیٹیکٹر یا عمومی تلاشی سے نہیں پکڑا جا سکتا۔
خفیہ اداروں کو ایسے اشارے ملے ہیں کہ یمن میں القاعدہ کے ارکان نے شام میں اس دہشت گرد تنظیم سے روابط رکھنے والے گروپوں سے ملاقاتیں کی ہیں اور وہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
یہ گروہ ایک پرفیکٹ بم تیار کرنے کی کوشش میں ہیں، جس کے ذریعے ایئرپورٹ سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں کو چکما دیا جا سکے۔ امریکی اعلان کے بعد برطانیہ نے بھی ایئرپورٹ سکیورٹی سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔