افغانستان: طالبان کا کابل ایئرپورٹ پر راکٹوں سے حملہ، بم دھماکے میں 2 بچے جاں بحق

Taliban

Taliban

کابل (جیوڈیسک) طالبان نے کابل کے انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے جس میں ایئرپورٹ پر کھڑے صدر حامد کرزئی کے زیر استعمال 2 ہیلی کاپٹروں کو شدید نقصان پہنچا، حملے سے ایئرپورٹ پر آگ لگ گئی جبکہ کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

ایئرپورٹ کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کردی جبکہ عسکری پروازیں معطل ہوگئیں، حملے سے سویلین پروازوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں کئی جہازوں کو آگ لگ گئی اور جانی نقصان بھی ہوا۔ دریں اثنا صوبے ہرات کے ضلع گولران میں طالبان کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے میں2 بچے شہید جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔

افغان فورسز نے صوبے قندھار میں فوجی آپریشن کے دوران 44 طالبان جنگجو ہلاک جبکہ 15 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری طرف صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ اگر یہ ثابت ہوجائے کہ یہ انتخابات شفاف ہیں تووہ ایسی صورت میں اپنے مخالف امیدوار کی فتح کا احترام کرینگے۔