اقتصادی رابطہ کمیٹی کا متاثرین آپریشن کو 60 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہمی کا فیصلہ

Victims North Waziristan Operation

Victims North Waziristan Operation

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کو 60 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گندم کی فراہمی پر 2 ارب 28 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، وفاقی وزیر اور متاثرین کیلیے امدادی آپریشن کے انچارج لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر کی سربراہی میں کمیٹی گندم کی تقسیم کی نگرانی کرے گی۔

وفاقی وزیر ٹیکسٹا عباس آفریدی، سیکریٹری وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی، سیکریٹری تجارت اور گورنر خیبر پختونخوا کا ایک نمائندہ کمیٹی میں بطور ممبر شامل ہوں گے، کمیٹی نے 25 ممالک سے زندہ جانوروں و گوشت کی در آمد، سی این جی کٹس و سلنڈروں کی درآمد اور مقامی سطح پر تیار ہونے والی گاڑیوں میں سی این جی کٹ نصب کرنے پر پابندی ہٹانے کا بھی فیصلہ کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت درآمد یوریا کھاد پر بار برداری کی مد میں 20 روپے فی بوری کے حساب سے اضافی سبسڈی دیگی، کمیٹی نے ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی تاریخ میں توسیع کی منظوری دے دی۔ جمعے کو ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت وزیر اعظم آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت تجارت کی سمری پر زندہ جانوروں، گوشت و دیگر اجزاکی 25 ممالک سے درآمد پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ دے دیا۔

مذکورہ پابندی جون 2001 میں لگائی گئی تھی تاہم مئی 2013 میں عالمی ادارہ برائے صحت مویشیاں (او آئی ای) نے سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا کہ ان 25 ممالک سے جانوروں وگوشت کی در آمد میں کم از کم خطرہ ہے۔