شمالی وزیرستان میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ سے درجنوں دہشتگرد ہلاک

North Waziristan Operation

North Waziristan Operation

میرانشاہ (جیوڈیسک) سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ضرب عضب کے دوران دہشتگردوں کے مزید کئی ٹھکانے تباہ کر دیئے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں جہاں زمینی کارروائیاں کی جارہی ہیں وہیں ایجنسی کے مختلف علاقوں میں جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے دہشتگردوں کی کمین گاہوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میرانشاہ اور بویاگاؤں میں آج صبح دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں اکثریت ازبک دہشت گردوں کی تھی، کارروائی میں دہشت گردوں کے 5 ٹھکانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن میں پاک فوج کو کامیابی حاصل ہورہی ہے اور اب تک 400 سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔