اسرائیل امریکی نوجوان پر تشدد کی تحقیقات کرائے ، امریکا کا مطالبہ

America

America

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی فلسطینی نوجوان پر اسرائیلی پولیس کے تشدد کی فوری تحقیقات کرائے. فلسطینی ٹی وی پر جاری کی گئی۔

ویڈیو میں اسرائیلی پولیس کے دو اہلکاروں کو 15 سالہ امریکی نژاد فلسطینی لڑکے طارق خضیر کی وحشیانہ اندازمیں پٹائی کرتے دکھایا گیا ہے۔ اسرائیلی فوجی فلسطینی لڑکے کے سر پر بوٹ مارتے ہوئے اسے زخمی کرتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پولیس کی حراست میں موجود امریکی فلسطینی نوجوان پر کیے گئے تشدد پر امریکا کو سخت تشویش ہے۔ اسرائیل اس واقعے کی فوری، شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات کرائے۔

اسرائیلی پولیس کے تشدد کا نشانہ بننے والا نوجوان طارق خضیر، چند روز قبل قتل کیے گئے فلسطینی نوجوان محمد ابو خضیر کا کزن ہے۔ محمد ابوخضیر کی نماز جنازہ جمعے کو ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے تھے۔

محمد ابو خضیر کی نماز جنازہ سے پہلے اور بعد میں فلسطینی نوجوانوں کی اسرائیلی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد اسرائیلی پولیس نے کئی فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔فلسطینی حکام کا کہنا ہے۔

کہ نوجوان ابو محمد خضیر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اسے زندہ جلایا گیا تھا۔تاہم اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ محمد ابوخضیر کی موت کن حالات میں ہوئی یہ واضح نہیں۔ محمد ابوخضیر کے گھروالوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ابوخضیر کو تین اسرائیلی نوجوانوں کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے قتل کیا گیا۔