جسٹس ناصر الملک نے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا

Nasir ul Mulk

Nasir ul Mulk

اسلام آباد (جیوڈیسک) جسٹس ناصر الملک نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے جسٹس ناصر الملک سے حلف لیا۔

سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد ہوئی جس میں وزیر اعظم نواز شریف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی موجود تھے۔

تقریب میں وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، زاہد خان، عبد القادر بلوچ اور دیگر سیاسی رہنما وں، سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری بھی موجود تھے۔

حلف برداری تقریب میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز اور وکلا نے بھی شرکت کی۔ جسٹس ناصر الملک پاکستان کے 22 ویں چیف جسٹس ہیں اور انکا تعلق سوات سے ہے۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی گزشتہ روز چیف جسٹس کے عہدے سے ریٹائر ہو گئے تھے۔

انکے بعد جسٹس ناصر الملک چیف جسٹس آف پاکستان کے فرائض سر انجام دیں گے، جسٹس ناصر الملک تیرہ ماہ بعد 17 اگست 2015 کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے سے ریٹائر ہوں گے۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے اور جسٹس جواد ایس خواجہ سپریم کورٹ کے سینئرترین جج بن گئے ہیں۔