پشاور میں پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

Fruits

Fruits

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ روزہ دار پھل خریدنے کے بجائے صرف نرخ پوچھنے پر اکتفا کرنے لگے۔ لیچی 200 روپے، انگور 300 روپے فی کلو فروخت کئے جارہے ہیں۔ رمضان المبارک شروع ہوتے ہی پھل روزہ داروں کی قوت خرید سے باہر ہوگئے۔

پشاور کی اوپن مارکیٹ میں آم کی قیمت 80 روپے سے بڑھ کر 140 روپے کلو تک پہنچ گئی۔ کیلے 130 سے 150 روپے درجن فروخت ہو رہے ہیں۔ خوبانی 140، آڑو 180، سیب 220 اور خربوزے 50 روپے کلو کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔ لیچی 200 روپے، انگور 300 روپے جبکہ گرما 70 روپے کلو کے حساب سے بیچے جارہے ہیں۔

صارفین نے شکایت کی ہے کہ حکومت کی طرف سے قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کا کوئی نظام نہیں۔ عام آدمی کے لئے پھل خریدنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگیا ہے۔