دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں پوری قوم فوج کیساتھ ہے:نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پوری قوم فوج کے ساتھ ہے، افواج کی تمام ضروریات پوری کرینگے۔ وہ گزشتہ روز ایوان صدر میں نئے چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری کے موقع پر مسلح افواج کے سربراہوں سے غیر رسمی ملاقاتوں میں بات کر رہے تھے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے مسلح افواج کے سربراہان کو اس بات کا یقین دلایا کہ حکومت اور پوری قوم ،ملکی سلامتی با لخصوص شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کی کامیابی کے لئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج کے پیچھے کھڑی ہیں۔

وزیراعظم اور عسکری قیادت نے بات چیت کے دوران دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کیلئے جاری آپریشن کومنطقی انجام تک پہنچانےکے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے صدر مملکت ممنون حسین سے بھی ملاقات کی، وزیراعظم نے صدر کو عمرہ کی مبارکباد دی، ملاقات میں وزیراعظم نے صدر سے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن، ملک کی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔