آرمی چیف عالمی امدادی ایجنسیوں کو متاثرین کی مدد کرنے کی اجازت دیں: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اپیل کی ہے کہ عالمی امدادی ایجنسیوں کو آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنیوالے ساڑھے سات لاکھ مہاجرین کی مدد کی اجازت دی جائے۔

خیبر پی کے کے آئی ڈی پیز کیمپ میں دیئے انٹرویو میں انہوں نے کہا شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے ساڑھے سات لاکھ مہاجرین میں ساڑھے تین لاکھ بچے ہیں۔ کیمپوں میں خوراک اور دیگر سہولیات کا فقدان ہے جس کے باعث بچے اور بڑے بیمار ہیں، ڈاکٹروں کی کمی ہے۔ عمران خان نے کہا خیبر پی کے حکومت کیلئے مشکل ہے وہ تمام متاثرین کی دیکھ بھال کر سکے۔

مہاجرین کی مدد کیلئے عالمی امدادی ایجنسیوں کی مدد کی ضرورت ہے لہٰذا انہیں یہاں آنے اور کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ عمران خان نے کہا امداد کے بغیر ان کی حکومت صورتحال سے نمٹنے میں کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ آئی این پی کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا وہ نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی تکالیف اور مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں، ایسی صورتحال میں ہم اپنے بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے انہوں نے کہا میں عید الفطر متاثرین کے ساتھ کیمپوں میں منائوں گا۔

اے پی اے کے مطابق معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے اسلام آباد میں چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ چیئرمین عمران خان نے مولانا طارق جمیل سے شمالی وزیرستان سے آنے والے متاثرین کے حوالے سے گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر عمران خان نے مولانا طارق جمیل سے درخواست کی وہ شمالی وزیرستان سے آنے والے متاثرین کے لیے خصوصی دعا کرائیں۔