شاہ محمود قریشی کی زبان سے شفاف الیکشن کا رونا مناسب نہیں، پرویز رشید

Pervez Rashid

Pervez Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریش کی زبان سے شفاف الیکشن کا رونا مناسب نہیں، تحریک انصاف کو الیکشن کے حوالے سے اپنی اصلاحات پارلیمنٹ میں پیش کرنی چاہیئیں۔

اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے زبان سے شفاف انتخابات کا رونا مناسب نہیں ہے، شاہ محمود قریشی مسلم لیگ (ق) کا 2002 کا الیکشن بھول گئے ہیں کیا، اگر تحریک انصاف کی شفاف انتخابات کے حوالے سے کوئی تجویز ہے تو اسے انھیں پارلیمنٹ میں پیش کرنا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ عدالتی ٹربیونل اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہے، پاکستان روشن کرنے کے چراغ ظہور پلس اور لال حویلی سے منگوائے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے لاہور میں ق لیگ کے رہنماؤں چوہدری شجاعت اور پرویز الہی سے ملاقات کی ہے جس میں پاکستان عوامی تحریک کے انقلاب اور تحریک انصاف کے 14 اگست کے لانگ مارچ سمیت ملکی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔