امریکی صدر کا کانگریس سے 3.7 ارب ڈالر کی منظوری کا مطالبہ

Washington

Washington

واشنگٹن (جیوڈیسک) وائٹ ہاوس کے اہل کاروں نے بتایا کہ ہنگامی اخراجات کے لیے استدعا میں 1.6 ارب ڈالر کی رقم شامل ہے جو سرحدی ضابطوں کے نفاذ، حراست، اور تارکین وطن کے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف مقدموں پر خرچ ہو گی۔

اس میں وسطی امریکا سے غیر قانونی طور پر سرحد پار کر کے امریکا میں داخل ہونے والوں میں لاکھوں کی تعداد میں بچے شامل ہیں، جن کے والدین ان کے ہمراہ نہیں ہیں۔ صدر اوباما نے کہا ہے کہ اس فنڈ کی مدد سے فضائی نگرانی اور سرحدی ضابطوں کے بہتر نفاذ میں مدد دی جائے گی۔

اور ساتھ ہی پناہ گزینوں کی صحت کی نگہداشت اور ان کے مقدمات کو منصفانہ اور تیزی سے چلائے جانے کو یقینی بنانے کے لئے اضافی قانونی اہل کار فراہم کیے جائیں گے۔ پچھلے اکتوبر سے اب تک 50000 سے زائد بچے سرحد پار کرکے امریکا آچکے ہیں، جن کا تعلق السلواڈور، گوئٹے مالا اور ہونڈوراس سے ہے۔