تہران (جیوڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ میرے ملک کو 1,90,000 جوہری سینٹری فیوج کی ضرورت ہے۔
ایک امریکی اخبار کے مطابق انہوں نے ویب سائیٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ہمیں ان تمام سینٹری فیوج مشینوں کی فوری ضرورت نہیں ، لیکن 2 سے 5 برس کے عرصے میں ہماری ضرورت کے مطابق تمام سینٹری فیوج ہمیں مل جانے چاہئیں۔
مغربی تجزیہ نگاروں نے کہا کہ جوہری معاملے پر ایران کے سپریم لیڈر کا یہ پہلا براہ راست بیان ہے جو بہت اہمیت کا حامل ہے، اس سے قبل وہ اس حساس معاملے پر خود بیان جاری کرنے سے گریز کرتے تھے،اپنے بیان میں خامنہ ای نے مزید کہا کہ ہمیں سینٹری فیوج مشینوں کی جو تعداد درکار ہے۔
وہ اس تعداد سے 19 گنا زیادہ ہے جو مغربی طاقتیں ہمیں دینا چاہتی ہیں، یہ طاقتیں چاہتی ہیں کہ ہم 10 ہزار ایسے یونٹ لینے پر آمادہ ہوجائیں جو پرانے ڈیزائین کے ہیں اور ہمارے پاس پہلے سے موجود ہیں، امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اوباما حکومت کی کوشش ہے کہ ایران کو زیادہ سے زیادہ 4 ہزار سینٹری فیوج رکھنے کی اجازت دی جائے۔