سعودیہ میں عالمی اوسط سے تین گنا زائد بجلی خرچ

Saudi Arabia

Saudi Arabia

ریاض (جیوڈیسک) دنیا بھر کے اوسط کے مقابلے میں سعودی باشندے تین گنا زیادہ بجلی خرچ کرتے ہیں، سعودی عرب کی زامل انڈسٹریل انوسٹمنٹ کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسامہ فہد البنیان کے مطابق سعودی شہریوں کی فی کس بجلی کے استعمال میں ہر سال اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

اسامہ فہد البنیان نے بتایا کہ اگلے دس سالوں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سعودی عرب کو پانچ سو ارب سعودی ریال کی سرمایہ کاری درکار ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ رہائشی شعبہ بجلی کا اہم صارف ہے۔

سعودی عرب کی پانی و بجلی کی وزارت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق سعودی مملکت میں بجلی کی دس سالوں کے اندر اندر نوے ہزار میگاواٹ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

رہائشی شعبے کے صارفین بجلی کی پیداوار کا تقریبا نصف حصہ استعمال کرتے ہیں، اس کے بعد صنعتی شعبے میں اکیس فیصد بجلی کی کھپت ہوتی ہے، تجاری شعبہ پندرہ فیصد اور حکومتی ادارے بارہ فیصد بجلی استعمال کرتے ہیں۔ سعودی حکومت سعودی الیکٹرک سٹی کمپنی کو بجلی کی پیداوار کے لیے ایندھن کی مد میں ڈیڑھ سو ارب سعودی ریال کی سبسڈی فراہم کرتی ہے۔