حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کرے :زبیر حفیظ

Lahore

Lahore

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہاہے کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کرے، کشمیری پاکستان کی بقاء کے لئے قربانیاں سے رہے ہیں حکمرانوں کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر خاموشی ان کی حب الوطنی کو مشکوک بنا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے دورے کے دوران پونچھ یونیورسٹی میں افطار ڈنر اور باغ اور راولاکوٹ میں کالجز کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے ، بھارت نے اقوام متحدہ میں خود اس حق کو تسلیم کیا ہے مگر اب ان قراردادوں سے مکر گیا ہے۔اقوام متحدہ کا کردار مسئلہ کشمیر پر شرمناک ہے اقوام متحدہ چند ممالک کی کٹھ پتلی بن کر رہ گیا ہے۔

کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے۔ حکومت پاکستان عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کر رہی ، حکمران ہندوستان سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں۔ ہزاروں کشمیریوں کی شہادتوں کو آلو ، پیاز کی تجارت کے عوض بیچنے پر تیار بیٹھے ہوئے ہیں ۔ کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کا الحاق پاکستان کے علاوہ کوئی بھی حل قابل قبول نہیں ہے۔ اس موقع پر ناظم کشمیر جمعیت نزاکت علی خان نے بھی خطاب کیا اور کشمیرکی آزادی تک مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی مدد کے عزم کا اعادہ کیا۔