رمضان بازاروں میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے: صوبائی وزیر آبپاشی

Ramadan Bazaar

Ramadan Bazaar

لاہور : صوبائی وزیر آبپاشی یاور زمان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق رمضان بازاروں میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے روزے سے آخری روزے تک لوگوں کی سہولت کیلئے تمام رمضان بازاروں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ رمضان بازاروںکا بنیادی مقصد ہی عوامی ریلیف ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوام کے اطمینان کو یقینی بنانے کیلئے رمضان بازاروں کی فعال مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق عوامی نمائندگان و انتظامی افسران رمضان بازاروں میں عوامی سہولت کو یقینی بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج یہاں ضلع لودھراں کی تحصیل لودھراں اورتحصیل دنیا پور میں قائم سستے رمضان بازاروں کے معائنہ جات کے موقع پر کیا۔ ڈی سی او ناصر جمال ہوتیانہ، ڈی پی او گوہر مشتاق بھٹہ، ایم پی اے احمد خان بلوچ، اے ڈی سی واجد علی شاہ، ضلعی صدر مسلم لیگ(ن)طاہر امیر غوری سمیت دیگر ضلعی انتظامیہ کے افسران ، تاجران اور میڈیاکے نمائندگان اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی وزیر یاور زمان کی رمضان بازار آمد پر سکیورٹی اہلکار نے ان کی جامعہ تلاشی لی جس پر صوبائی وزیر نے سکیورٹی اہلکار کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ سکیورٹی اقدامات کی بھرپور ادائیگی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔انہوں نے آٹے کے سٹال پر 10کلو گرام آٹے کے تھیلے کا وزن اور اُس میں موجود نمی کا معائنہ کیا جس پر نہایت تسلی بخش نتیجہ سامنے آیا۔صوبائی وزیر نے بعدا زاں سبزی ، فروٹ ، گوشت اور دیگر اشیاء خوردونوش کے سٹالوں کا باری باری تفصیلی معائنہ کیا انہوںنے اس موقع پر سبزی کے سٹال پر آلو اور فروٹ کے سٹال پر آم کی قیمتوں میں کمی کرنے کی ہدایت کی۔