کراچی (جیوڈیسک) کراچی کا ویسٹ زون پولیس اہلکاروں کیلئے انتہائی خطرناک علاقہ بن گیا، تھانوں اور پولیس موبائلوں پر حملوں کی وجہ سے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کر لئے گئے۔
کراچی میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب پولیس پر حملہ نہ ہو، خصوصاً ویسٹ زون میں تھانوں اور موبائلوں پر بموں سے حملے اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات معمول بن گئے ہیں، پولیس اہلکار کہتے ہیں کہ گھر سے جب ڈیوٹی پر آتے ہیں تو گھر والے اللہ کو سونپتے ہیں، تاخیر ہوجائے تو گھر والے پریشان ہوجاتے ہیں اور بار بار خیریت کیلئے فون آتے ہیں۔
پولیس اہلکاروں پر حملوں کی وجہ سے ویسٹ زون کے تھانوں اورنگی ٹاؤن، پیر آباد، مومن آباد، بلدیہ ٹاؤن، اتحاد ٹاؤن، سائٹ، سرجانی، منگھو پیر، سہراب گوٹھ، معمار پولیس اسٹیشن پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کر لئے گئے ہیں، تھانوں کی چھتوں چوکیاں بنائی گئی ہیں اور باہر سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں، پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ڈیوٹی پر گھر سے آتے اور جاتے ہوئے وردی نہ پہنیں۔
پولیس والوں کو راستے تبدیل کرنے، بلٹ پروف جیکٹس کے استعمال سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔