موجودہ حالات میں ڈرون حملے نقصان دہ ثابت ہوں گے، دفتر خارجہ

Tasneem Aslam

Tasneem Aslam

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون حملوں سے دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، موجودہ حالات میں ڈرون حملے نقصان دہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آج ہونے والے ڈرون حملے کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم حملے پاکستان کی خودمختاری اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں، موجودہ حالات میں ڈرون حملوں کے باعث دہشتگردی کے خلاف جاری ہماری جنگ پر منفی اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ڈرون حملے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں اور ماضی میں بھی حملوں کی مذمت کی اور اسے ملکی خودمختاری کے خلاف سمجھتے ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے جبکہ آپریشن کے باعث افغانستان نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی تعداد کا معلوم نہیں تاہم علاقہ کلئیر ہونے کے بعد متاثرین دوبارہ اپنے علاقے میں آکر بسیں گے۔

فلسطین میں جاری صیہونی فوج کی بربریت کے حوالے سے دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان فلسطین کے ساتھ ہے اور 2 ریاستی حل کا حامی ہے، اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ہونے والی فضائی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں۔