لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی ہے اور اس کی بنیادوں میں شہدا کا لہو شامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر آباد میں کالجز کے طلبہ کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ یومِ باب اسلام ہندوستان کی تقدیر بدلنے کے لئے ایک سنگ میل رکھتا ہے اور یہ ہماری تاریخ کا قابل فخر باب ہے۔ نوجوان نسل کو یوم باب اسلام کی حقیقت سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت اور فرض اولین ہے۔ زبیر حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ قرآن اللہ کی حاکمیت کو قائم کرنے کیلئے نازل ہوا تھا اور اللہ کی حاکمیت کا مفہوم یہ ہے کہ ایک ایک آدمی اللہ کا مطیع وفرمانبردار ہوجائے اور اجتماعی طور پر گھر سے لیکر ملکی نظام کی اجتماعیت بھی خدا کی مطیع وفرمانبردار ہوجائے تو اس کے بعد کہا جاسکتا ہے کہ ایک علاقے میں اللہ کی حاکمیت قائم ہے۔قیام پاکستان کی بنیادی وجہ بھی انفرادی واجتماعی طور پر اللہ کی حاکمیت قائم کرنا تھا جس طرح رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مدینہ میں ایک مثالی اسلامی معاشرہ وحکومت قائم کرکے دکھائی۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ دس رمضان کو قومی دن کے طور پر منایا جائے۔