لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے ماضی میں کرپشن کے ریکارڈ توڑے وہ آج انقلاب کی بات کرتے ہیں جب ڈینگی کی وبا پھیلی اورسیلاب و زلزلہ آیا تو اس وقت یہ کینیڈی بابا کہاں تھے۔
لاہور میں دورہ چین کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ کے دوران وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز میں سب سے اہم توانائی بحران ہے جس سے نمٹنے کے لئے کام کر رہے ہیں، چینی اداروں نے پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔
اورجلد ہی ملک میں اندھیروں کی جگہ اجالے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک ہی لانگ مارچ کی ضرورت ہے وہ لانگ مارچ ترقی اور خوشحالی کا ہے، وہ وقت جلد آئے گا جب پاکستان اسلامی دنیا میں اپنا مقام پیدا کرے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انہیں خود نمائی کی عادت نہیں، ہم نے خالی نعرے نہیں لگائے بلکہ کام بھی کرکے دکھایا ہے کیونکہ باتیں کرنا آسان ہے اور عمل کرنا مشکل۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ماضی میں کرپشن کے ریکارڈ توڑے وہ آج انقلاب کی بات کرتے ہیں۔
طاہر القادری ہر سال عوام کو گمراہ کرنے آجاتے ہیں، کینیڈی بابا ڈینگی، سیلاب اور زلزلے کے وقت کہاں تھے، انھوں نے قرآن اٹھا کر باتیں کی اگر وہ بھی قرآن اٹھاکر باتیں کریں تو سچے اور جھوٹے کا فیصلہ کون کرے گا۔