میرانشاہ (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ”ضرب عضب” دہشت گردوں پر کاری ضرب لگا رہا ہے۔ سیکڑوں دہشتگرد ہلاک اور متعدد پناہ گاہوں سمیت کئی ٹھکانے تہس نہس کئے جا چکے ہیں۔
دوسری طرف صوبہ بلوچستان میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر آپریشن ضرب عضب کا کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔
شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب پوری شدت کے ساتھ دہشت گردوں پر کاری ضرب لگا رہا ہے۔ فوجی جوان مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔
ادھر پوری قوم آپریشن ضرب عضب میں فوج کی کامیابیوں کے لئے رب ذوالجلال کے حضور سربسجود ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دیگان میں فضائی حملوں نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
بیشتر پناہ گاہیں اور دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔ حملوں میں اب تک سیکڑوں دہشت گرد مارے گئے ہیں جن میں غیر ملکی انتہاء پسند بھی شامل ہیں۔ میران شاہ میں فوج نے دہشت گردوں کا محاصرہ مزید سخت کر دیا ہے۔
ادھر سیکورٹی خدشات کے پیش نظر بلوچستان میں بھی آپریشن ضرب عضب کا کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق پشاور سے ملحقہ سرحد کے باعث بلوچستان میں آپریشن کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اقدامات سیکورٹی خدشات کے پیش نظر اٹھائے گئے ہیں۔