اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وفاقی وزیر شہباز بھٹی قتل کیس کے ملزم عمر عبداللہ کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
سابق وفاقی وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی قتل کیس کے ملزم عمر عبداللہ کی درخواست ضمانت پر گزشتہ روز محفوظ کیا گیا تھا۔ فیصلہ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے پڑھ کر سنایا۔
عدالت نے ملزم عمر عبداللہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ ملزم عمر عبداللہ نے اسلام آباد پولیس کے سامنے شہباز بھٹی قتل کیس میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
ملزم کو پولیس اور خفیہ اداروں نے زخمی حالت میں نجی ہسپتال سے گرفتار کیا تھا۔ ملزم کو القاعدہ کے ساتھ تعلق کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
واضع رہے کہ سابق وفاقی وزیر شہباز بھٹی کو 2011ء میں آئی ایٹ کے علاقے میں گھر سے نکلتے وقت قتل کر دیا گیا تھا۔ ملزم عمر عبداللہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر چودھری ذوالفقار قتل کیس میں پہلے ہی ضمانت پر ہے۔