اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے عمران خان کے سونامی کے سامنے جشن آزادی کا پہاڑ کھڑا کرنے کا فیصلہ کر لیا، 2 ہفتے تک ڈھول بجیں گے، آپریشن ضرب عضب پر فوج کو خراج تحسین بھی ہو گا۔
وفاقی حکومت نے آپریشن ضرب عضب کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جشن آزادی کی تقریبات بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے جو دو ہفتے تک جاری رہیں گی۔ وزیر اعظم آفس کے ذرائع کے مطابق جشن آزادی بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔
جشن آزادی کی تقریبات پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے منعقد کی جائیں گی۔ تقریبات میں آپریشن ضرب عضب پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ریاست کے دشمنوں کو پیغام دیا جائے گا کہ قوم آزادی اور خود مختاری کے دفاع کے لیے متحد ہے۔
ذرائع کے مطابق ان تقریبات میں سول اور عسکری قیادت اور سیاسی رہنما شریک ہوں گے جبکہ ان تقریبات کا انعقاد تمام بیسز پر بھی کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جشن آزادی کو بھرپور طور پر منانے کا ایک مقصد عمران خان کی لانگ مارچ کی کال کو ناکام بنانا بھی ہے کیوں کہ حکومتی تقریبات اگر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ہوں گی تو پی ٹی آئی کو 14 مارچ کے لانگ مارچ کے لئے ڈی چوک پر جگہ دستیاب نہیں ہو گی۔