کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور کورکمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل سجاد غنی کے درمیان جمعہ کی شام ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جس میں کراچی میں جاری آپریشن کے حوالہ سے ایم کیوایم کی شکایات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کورکمانڈر کراچی نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ آپریشن کو غیرجانبدار بنانے کیلئے ہر ممکنہ قدم اٹھایا جائے گا اور اس حوالے سے سامنے آنے والی تمام شکایات کی بھرپور تحقیقات کی جائیں گی۔
گفتگو کے دوران ایک چھ رکنی کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا جس میں آپریشن کرنے والے اداروں کے تین حکام اور ایم کیوایم کے تین اراکین شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی تمام تر شکایات کا جائزہ لیکر ان کی تحقیق کرے گی۔
اور جولوگ بھی قانون کی خلاف ورزی میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی خواہ ان کا تعلق کسی سے بھی ہو۔ واضح رہے کہ الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو کراچی آپریشن کے حوالہ سے حقائق پر مبنی پہلا کھلا خط لکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اور کہا تھا کہ وہ اس بارے میں مزید کھلے خطوط بھی تحریر کریں گے تاہم کورکمانڈر کراچی نے الطاف حسین کی شکایات کو ایک فرض شناس، غیر جانبدار اور دیانتدار افسر کی حیثیت سے سنا جس پر الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف کو کھلے خط لکھنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا ہے۔