شہباز شریف تو خانہ کعبہ میں بھی جھوٹ بولتے رہے، شجاعت حسین

Shujaat Hussain

Shujaat Hussain

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ خانہ کعبہ میں بیٹھ کر جھوٹ بولنے والے دنیا میں بچ گئے لیکن ماڈل ٹاؤن میں 15 بے گناہوں کے قتل کیس میں جھوٹ بولنے والے دنیا اور آخرت میں نہیں بچ سکیں گے۔

شہباز شریف کو چاہیے کہ وہ اخلاقی جرات دکھائیں اور اس گھناؤنے فعل کی ذمے داری قبول کر لیں۔ ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ جج صاحبان کو بھی چاہیے کہ وہ آئین کے تحت اس سانحے کا نوٹس لیں جو ایک سموسے پر بھی سو موٹو نوٹس لیتے رہے ہیں۔

کیونکہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے بڑا واقعہ کیا ہو سکتا ہے لیکن اس لیے نوٹس نہیں لیا جا رہا کہ اس میں نواز اور شہباز شریف جیسے بڑے نام ہیں، یہ ضد انا اور انتقام کی بنیاد پر مجرمانہ آرڈر کا المیہ ہے جس میں جتنی ذمے دار انتظامیہ تھی اتنی ہی ذمے دار عدلیہ بھی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر ایف آئی آر درج نہ کی گئی اور کیس نہ سنا گیا تو پھر یہ ایف آئی آر اللہ تعالی کے حضور پیش ہو گی اور کیس بھی وہیں سنا جائے گا۔ چوہدری شجاعت نے شہباز شریف اور اس کے قریبی حواریوں کی الزام تراشی کے بارے میں مزید کہا کہ شہباز شریف تو خانہ کعبہ میں بھی جھوٹ بولتے رہے۔

لیکن حواریوں کو چاہیے کہ وہ بیان دینے سے پہلے اپنے والد صاحبان اور محترم ماؤں کے ہمارے ساتھ رشتے اور تعلق سے آگاہ رہیں، ان میں سے 2 کی ماؤں کا تو میں اپنی والدہ کی طرح احترام کرتا ہوں، ان کو بات کرتے ہوئے شرم کی حد برقرار رکھنی چاہیے۔