کراچی (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کو ان کے گھروں میں واپس لے جایا جائے اور فوجی آپریشن کو فی الفور بند کیا جائے، آپریشن کے نتیجے میں ان کے اندر انتقام کا جذبہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے،سند ھ اور پنجاب میں بےگھر افراد کے داخلے پر پابندی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے،اسے کسی بھی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے روز جماعت اسلامی کراچی کے تحت مسجد بیت المکرم گلشن اقبال میں شمالی وزیرستان کے متاثرین کی امداد کے لیے لگائے گئے امدادی کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امدادی کیمپ پر شہریوں کی جانب سے نقد عطیات جمع کرائے گئے۔ حافظ نعیم الرحمن نے بھی جھولی پھیلا کر متاثرین شمالی وزیر ستان کے لیے فنڈ جمع کیا۔
اس موقع پرامیر ضلع شرقی یونس بارائی اور دیگر ذمے داران اور کارکنان بھی موجود تھے۔ جنہوں نے پبلک ٹرانسپورٹ اور پرائیویٹ گاڑیوں میں سفر کرنے والوں سے جھولی پھیلا کر فنڈ جمع کیا ۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کے عوام اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بے گھر افراد کی دل کھول کر مدد کریں ،شمالی وزیر ستان کے لوگ کھلے آسمان تلے سخت موسم اور روزے کی حالت میں امداد اور تعاون کے منتظر ہیں۔