اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو اندھیرے ختم کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے، اس سلسلے میں 2017 تک بجلی کی پیداوار کے تمام منصوبے مکمل کریں گے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی خصوصی کمیٹی کا توانائی کے بحران پر اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مشترکہ طور پر کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے کمیٹی کو توانائی کے شعبے میں چین کی سرمایہ کاری پربریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی نے تباہی مچائی ہوئی ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کاری بھی متاثر ہورہی ہے۔
ملک کے عوام کو گزشتہ کئی عشروں سے بجلی اور گیس کی چوری کا مسئلہ درپیش ہے، مسلم لیگ (ن) کو اندھیرے ختم کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے۔ بجلی کا بحران ختم کرکے ہی دم لیں گے اور 2017 تک تمام منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔