ماموند (جیوڈیسک) باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند کے سرحدی علاقے غاخی میں افغانستان کی سمت سے نامعلوم مسلح افراد کا پاکستانی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، ایک افسر سمیت 3 اہلکار جاں بحق جبکہ سکیورٹی اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیل کے مطابق شرپسندوں کے گروپ نے آج علی الصبح فضل پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا ۔ حملے کے فوری بعد پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ حملہ آوروں سے فائرنگ کے تبادلے میں آرمی کپٹن سمیت 3 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ ایک اہلکار سمیت 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔
زخمی افراد کی فوری طبی امداد اور شہید ہونیوالوں کی میتیں منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا، شمالی وزیرستان میں شروع ہونے والے آپریشن ضرب عضب کے بعد باجوڑ ایجنسی کے پاک افغان سرحدی علاقے میں شرپسندوں کا یہ دوسرا حملہ ہے، چند روز قبل شرپسندوں کے حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوا تھا۔
واضح رہے کہ ان حملوں کی ابھی تک کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم انتظامی حکام کو شبہ ہے کہ آج ہونے والے اس حملے میں افغان کے صوبہ کنٹر میں موجود فضل اللہ گروپ کے افراد ملوث ہیں۔