پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے تینوں گروپ اتحاد پر متفق

Pakistan Federal Union of Journalists

Pakistan Federal Union of Journalists

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے تینوں گروپوں کا 36 سال بعد پی ایف یو جے کے بینر تلے ایک ہو نے پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے۔ فیصلہ پی ایف یو جے کے اتحاد کے لئے قائم اتحاد کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں بزرگ صحافیوں حسین نقی، ایم ضیاء الدین، ناصر زیدی، خاور نعیم ہاشمی اور ادریس بختیار نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام گروپوں نے کمیٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس میں سینئر صحافیوں خورشید عباسی، فاروق فیصل خان، ارشد انصاری، مظہر عباس، شفیق اعوان اور ناصر عباس نے کمیٹی کی معاونت کی۔

اجلاس میں اتحاد کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر افضل بٹ، پرویز شوکت اور ادریس بختیار نے اپنے اپنے گروپس کے حوالے سے دستخط کئے جبکہ رانا عظیم اور امین یوسف سے فون پر مشاورت کی گئی۔ اس سلسلے میں تینوں تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 25 اگست تک اپنی اپنی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل سے حتمی منظوری لے لیں اور یہ سفارشات پی ایف یو جے کی اتحاد کمیٹی کو 30 اگست تک پہنچا دیں۔

اتحاد کمیٹی اس اجلاس میں اتحاد کے حتمی فیصلے کا اعلان کرے گی۔ اس اجلاس کی خاص بات یہ تھی کہ 36 سال بعد پی ایف یو جے کے تمام دھڑے غیر مشروط طور پر شریک ہوئے اور وفاقی سطح پر صحافیوں کی نمائندہ تنظیموں کے اتحاد کی بنیاد رکھ دی گئی جو کہ ایک تاریخی واقعہ ہے اور اس اتحاد سے جہاں صحافی برادری کی قوت میں اضافہ ہو گا وہیں کارکن صحافیوں کے مسائل بھی حل ہوں گے۔