خام تیل کی عالمی قیمت میں گزشتہ ہفتے 4.21 ڈالر فی بیرل کمی

Oil

Oil

لندن (جیوڈیسک) بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے گزشتہ ہفتے سونے پر توجہ مرکوز رکھی تاہم آئل مارکیٹ مسلسل تیسرے ہفتے بھی تنزلی کی جانب گامزن رہی۔

گزشتہ ہفتے لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1319.25 ڈالر سے بڑھ کر 1339 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ چاندی کے نرخ 29 سینٹ کے اضافے سے 21.41 ڈالر فی اونس ہو گئے۔

لندن پلاٹینم و پلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 3 ڈالر کے اضافے سے 1506 ڈالر فی اونس اور پلاڈیم کی 1 ڈالر بڑھ کر 867 ڈالر فی اونس ہوگئی تاہم لیبیا کی سپلائی میں بہتری اور عراق سے متعلق خدشات کمی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی ہوئی۔

ایک ہفتے میں لندن انٹرکانٹینیٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی اگست میں فراہمی کے لیے قیمت 4.21 ڈالر کی کمی کے نتیجے میں 110.87 ڈالر سے گھٹ کر 106.66 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کی اگست میں سپلائی کے لیے قیمت 3.07 ڈالر گھٹ جانے کے باعث 103.90 ڈالر سے نیچے آ کر 100.83 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔

گزشتہ ہفتے لندن میٹل ایکس چینج میں تانبے کی قیمت 4 ڈالر کی کمی سے 7125 ڈالر فی ٹن ہوگئی جبکہ ایلومینیم کی قیمت 1921 ڈالر سے بڑھ کر 1934 ڈالر فی ٹن ہوگئی، لیڈ کے نرخ میں گزشتہ ہفتے 14 ڈالر کا اضافہ ہوا جس سے لیڈ کی قیمت 2180 ڈالر سے بڑھ کر 2194 ڈالر فی ٹن ہو گئی۔

جبکہ ٹین کی قیمت 22 ہزار 790 سے گھٹ کر 21 ہزار 963 ڈالر فی ٹن ہوگئی، کلئی کی قیمت 19 ہزار 500 سے گھٹ کر 19 ہزار 163 ڈالر فی ٹن اور جسٹ کی قیمت 2236 ڈالر سے بڑھ کر 2287 ڈالر فی ٹن ہو گئی۔ گزشتہ ہفتے چینی کی عالمی قیمت اکتوبر میں فراہمی کے لیے 12 ڈالر کی کمی سے 457 ڈالر فی ٹن ریکارڈ کی گئی۔