پاکستانی فضائی حدود سے آنے والے فلائیٹ سگنلز؛ بھارتی فضائیہ میں کھلبلی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) بھارتی اخبار’’ٹائمز آف انڈیا‘‘ کے مطابق پاکستانی فضائی حدود سے آنے والے پراسرار فلائیٹ سگنل نے بھارتی فضائیہ میں کھلبلی مچا دی۔ بھارتی فضائی حدود میں داخلے کے لئے ترکش کمرشل طیارے کی طرف سے شناختی کوڈ پر شکوک پیدا ہوئے۔

دو جنگی طیاروں نے جو دھپور فضائی حدود میں تصدیق کے بعد اسے دہلی جانے دیا۔ اخبار لکھتا ہے کہ بھارتی فضائیہ کو اس وقت پریشانی میں مبتلا کردیاجب پاکستان کی طرف سے آنے والے دو کمرشل مسافر طیاروں نے بھارتی حدود میں داخلے کے لئے ایک جیسا شناختی کوڈ استعمال کیا جس پر بھارت فضائیہ نے افراتفری میں ان کو روکنے کے لئے اپنے دو جنگی طیارے فوراً ہی فضا میں اڑا دئیے۔ بھارتی فضائیہ نے جودھ پور بیس سے اس وقت دو لڑاکا طیارے میراج 21 فضا میں بلند کردئیے تاکہ وہ جیصلمر کی فضا میں پرواز کرنے والے ترکش ائیر لائن طیارے کی اصلیت کا پتہ چلائیں جب ترکش طیارے کی طرف سے بار بار ایک ہی شناختی کوڈ کو دہرایا گیا جو کسی بھی طیارے کے لئے منفردکوڈ تھا۔

یہ بھارتی فضائی حدود میں داخلے کے لئے کمرشل طیاروں کو دیا جانے والا کو ڈ ہے۔ بھارتی فضائیہ کے مطابق تاہم دہلی جانے والی مسافر طیارے کو تصدیق کے بعد آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی۔رپورٹ کے مطابق کسی ملک میں داخلے کے لئے بین الاقوامی کمرشل پروازوں کو شناخت کے لئے ایک مخصوص کوڈ جاری کیا جاتا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے ترجمان کے مطابق بھارتی حدود میں داخلے کے لئے پہلے طیارے نے جس شناختی کو ڈ کا استعمال کیا، اسی کوڈ کو دوسرے طیارے نے بھی استعمال کیا جس سے شکوک پیدا ہوئے۔

بھارتی ایئر فورس کے دو مگ 21 بائسن لڑاکا طیارے اس کمرشل طیارے کو روکنے کے لئے فوراً فضا میں بھیجے گئے،تاہم تصدیق کے بعد اس طیارے کو منزل کی طرف بڑھنے دیا گیا۔ذرائع کے مطابق مغربی ایشیائی ملک کا کمرشل طیارہ پاکستانی فضائی حدود کو استعمال کرتے ہوئے دہلی کی طرف جا رہا تھا۔ جودھ پور کے قریب واقع بھارتی ایئر فورس کے ریڈار یونٹ کی طرف اس ہوائی جہاز کی نشان دہی کی گئی تھی۔