کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا کے مڈل آرڈر بیٹسمین مہیلا جے وردھنے نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
کولمبو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیلا جے وردھنے کا کہنا تھاکہ وہ گزشتہ 18 برس سے سری لنکا کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہے ہیں جو کہ ان کے لئے انتہائی فخر کی بات ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اب ان کا ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہنے کا وقت آگیا ہے تاکہ ان کی جگہ کسی نوجوان اور اہل کھلاڑی کو ملک کی نمائندگی کا موقع مل سکے۔ پاکستان کے خلاف سیریز ان کی آخری ٹیسٹ سیریز ہو گی۔
مہیلا جے وردھنے نے 1997 میں بھارت کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور انہوں نے 145 ٹیسٹ میچز میں 11 ہزار 493 رنز جبکہ 420 ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں انہوں نے 11 ہزار 681 رنز بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میں انہوں نے ایک ہزار 493 رنز بنارکھے ہیں۔