کراچی: دھابیجی کے قریب 72 انچ قطر کی دوپائپ لائنیں پھٹ گئیں

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) دھابیجی کے قریب کراچی کو پانی سپلائی کرنے والی واٹر بورڈ کی دو مرکزی لائنیں پھٹ جانے سے شہر کو پانی کی یومیہ ساڑھے سات کروڑ گیلن کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، آئندہ دنوں میں شہر میں پانی کے شدید بحران کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ قطب شیخ کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہونے سے 72 انچ قطر کی دو مرکزی لائنیں پھٹ گئیں، جس سے کراچی کو پانی کی یومیہ ساڑھے 7 کروڑ سپلائی بند ہو گئی ہے۔ ایم ڈی کے مطابق لائنوں کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک لائن سے سپلائی 24 گھنٹے میں بحال ہوجائے گی جبکہ 72 انچ قطر کی دوسری لائن کی مرمت میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں۔ واٹر بورڈ حکام کے مطابق حب ڈیم سے شہر کو 10 کروڑ گیلن کی سپلائی پہلے ہی معطل ہے اور شہر میں پانی کی فراہمی کا ناغہ سسٹم لاگو ہے۔

حکام کے مطابق نئی صورتحال میں شہر کو پانی کے شدید بحران کا سامنا ہو سکتا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط کریں۔