ولیم ہیگ وزیر خارجہ کے عہدے سے مستعفی ہوگئے

William Hague

William Hague

لندن (جیوڈیسک) برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے آئندہ عام انتخابات سے قبل کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کر دیا۔

وزیر خارجہ ولیم ہیگ سمیت اہم وزرا کے قلمدان نئے وزرا کو سونپ دیے جائیں گے۔ ولیم ہیگ وزیر خارجہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں،، تاہم وہ ایوان زیریں کے لیڈر کی حیثیت سے عام انتخابات تک کابینہ کا حصہ رہیں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق فلپ ہیمنڈ کو نیا وزیر خارجہ بنائے جانے کا امکان ہے، ٹوری پارٹی کے سینئر ایم پی کین کلارک نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا، وہ اس سے قبل تھیچر اور جان میجر کی کابینہ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔

ویلش سیکریٹری ڈیوڈ جونز، ڈیوڈ ویلٹس، نک ہرڈ، ایلن ڈنکن، ڈیمین گرین بھی استعفیٰ دینے والوں میں شامل ہیں۔ جانے والوں میں اٹارنی جنرل ڈومینک گریو کا نام بھی لیا جارہا ہے۔

تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون آئندہ عام انتخابات سے قبل اپنی کابینہ میں نئے چہرے شامل کرنا چاہتے ہیں۔ نئی کابینہ میں زیادہ تر خواتین کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔