غزہ (جیوڈیسک) غزہ پر ساتویں دن بھی اسرائیل کی سفاکانہ بمباری جاری رہی، حملوں میں 13 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد کل تعداد 184 تک جاپہنچی ہے۔
غزہ کی پٹی پر 7 روز سے راکٹوں کی دھمک، سسکیوں کی گونج، بارود کا دھواں اور خون کی بو کم نہیں ہوپارہی ہے ، ہر دن گزر جاتا ہے لیکن کچھ نہیں بدلتا ، اگر کچھ بدلتا ہے تو وہ گنتی ہے، غزہ کی بربادی میں اضافے کی گنتی۔
غزہ کے زندوں میں کمی، بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی لاشوں میں اضافے کی گنتی ، روشن گھروں میں مسلسل کمی اور تاریک قبروں میں اضافے کی گنتی، ہر روز بدل جاتی ہے ، آج خان یونس ہونے والے حملوں میں جاں بحق افراد کو ملا کر غزہ میں مرنے والوں کی گنتی 184 تک پہنچ گئی ہے۔
غزہ میں 1300 فضائی حملوں 1200 جسموں پر زخموں کے نہ مٹنے والے داغ ڈال دیے ہیں۔ غزہ کے حق میں ہونے والے اجلاسوں کی گنتی بھی کم نہیں ،غزہ کی ہنگامی صورتحال پر پیر کو ہونے والے عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کی بے شمار مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ فلسطینیوں کو عالمی تحفظ فراہم کیا جائے ، وہی تحفظ جس کی خاطر فلسطینیوں کی دو روز سے نقل مکانی جاری ہے۔