بھارتی صحافی کی حافظ سعید سے ملاقات، راجیہ سبھا میں بدترین ہنگامہ آرائی

Meeting

Meeting

نئی دہلی (جیوڈیسک) امیر جماعت الدعوۃ حافظ سعیداور بھارتی صحافی ویدپرتاپ ویدک کی ملاقات کی تصویرسوشل میڈیا پر آنے کے بعد بھارت کے ایوانوں میں ہلچل مچ گئی۔

اپوزیشن جماعت کانگریس نے راجیہ سبھا(سینیٹ) میںخوب ہنگامہ کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں حکمراں جماعت بی جے پی کے حامی اور یوگا استادرام دیوکے قریبی ساتھی ویدپرتاب کی حافظ سعید سے ملاقات کو بھارتی اپوزیشن نے آڑے ہاتھوں لیا۔

معاملہ سوشل میڈیا سے نکل کربھارت کے ایوانوں تک پہنچ گیا۔ اپوزیشن جماعت کانگریس نے راجیہ سبھامیں اتنا ہنگامہ کیاکہ اجلاس ملتوی کرناپڑا جبکہ کانگریس رہنمائوں نے رام دیو اور پرتاپ ویدک کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

دوسری جانب بی جے پی نے صحافی ویدپرتاب سے لاتعلقی کااعلان کر دیا۔ اپوزیشن جماعت کانگریس نے سوال اٹھایاہے کہ ویدپرتاب حکمراں اتحادی جماعت کی نمائندگی کر رہے ہیں یا وزیر اعظم مودی کی؟ یوگااستاد اور بی جے پی کے حامی رام دیونے وضاحت کی ہے کہ یہ ملاقات ایک صحافی کی حیثیت سے کی گئی۔

وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ حافظ سعید دہشت گردہیں۔ کسی صحافی یا کسی دوسرے فرد کے ان سے ملنے سے حکومتِ ہندکا کوئی سروکار نہیں ہے۔ ویدپرتاپ ویدک نے بتایا ہے کہ وہ 2 جولائی کو لاہور میں حافظ سعیدسے ملے تھے۔ یہ ملاقات اچانک ہوئی اوراس میں حکومت کسی طور پر شامل نہیں۔