ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میگا سٹار سلمان خان نے فوٹو گرافروں کے ایک بڑے گروپ کی طرف سے اپنے بائیکاٹ کے فیصلہ پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی اخبارات اور ٹی وی چینلز سے تعلق رکھنے والے فوٹو گرافرز کی اکثریت نے سلمان خان کے بائیکاٹ کا فیصلہ 11 جولائی کو ان کی فلم کک کا گانا ریلیز کرنے کے موقع پر انکے غیر مناسب رویہ کے باعث کیا تھا۔ فوٹو گرافرز کا کہنا ہے کہ سلمان خان نے انہیں تقریب سے چلے جانے کو کہا تھا جو اتنے بڑے اداکار کو زیب نہیں دیتا۔
اسلئے ہم نے سلمان خان کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔فوٹو گرافرز کے اس فیصلہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ انہیں یہ جان کر دلی مسرت ہوئی ۔فوٹو گرافرز کا فیصلہ میری خواہش کے عین مطابق ہے اور اب اگر فوٹو گرافرز اپنے فیصلہ پر قائم رہیں گے تو میرے دل میں ان کیلئے احترام پیدا ہو جائے گا۔
سلمان خان نے کہا کہ فوٹو گرافرز کے غیر پیشہ ور انہ روئیے کی وجہ سے اداکاروں کی نجی زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے، اسلئے انہیں انکی حدود میں رکھنے کیلئے اس طرح کا رویہ اختیار کرنا میرے نزدیک ایک درست کام ہے۔