اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر برائے ٹیکسٹائل انڈسٹری عباس خان آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل شعبے کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہرممکن کوششیں کر رہی ہے کیونکہ اس شعبے کی برآمدات سے حکومت کو خاطر خواہ آمدن ہوتی ہے۔
یہ بات انہوں نے اپٹما کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے پیر کو ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کی بحالی کو بڑی اہمیت دیتی ہے لہذا ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔
وزیر نے کہا کہ اس شعبے کے لیے حکومتی عزم کا اظہار بجٹ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے اعلان کردہ مراعات سے بھی ہوتا ہے۔ وفد میں اپٹما پنجاب کے چیئرمین ایس ایم تنویر، اپٹما کے وائس چیئرمین سیٹھ اکبر اور اپٹما کے سینئر رکن شامل تھے۔
وفد نے وفاقی وزیر کو ٹیکسٹائل کے شعبے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ وفد نے وفاقی وزیر کی توجہ بجلی نہ ہونے سے کاروبار کی تباہی پر مبذول کراتے ہوئے بجلی کی فراہمی کا کوئی طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ رمضان کے مہینہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم کر کے 8 گھنٹے کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیکسٹائل یونٹس کو درپیش مسائل کے بارے میں جلد ہی وزیر پانی و بجلی اور وزیراعظم سے بات کریں گے۔