کراچی (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوام نے نواز شریف کو وزیر اعظم کے لئے منتخب کیا ہے، بادشاہت کے لئے نہیں، چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کرانے میں کیا حرج ہے، نواز شریف اس سے کیوں خوفزدہ ہیں۔ پی ٹی آئی نے آصف زرداری کی حمایت کا خیرمقدم کیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے چار حلقوں میں ری کاونٹنگ کرانے میں کیا حرج ہے۔ نواز شریف اس سے کیوں خوفزدہ ہیں۔
ری کاونٹنگ ہونی چاہئیے وہ پنجاب میں ہو یا سندھ میں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انتخابات کے نتائیج جمہوریت کی بقا کے خاطر تسلیم کیے ۔عوام نے نواز شریف کو وزیر اعظم کے لئے منتخب کیا ہے ، بادشاہت کے لئے منتخب نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو دوسرے صوبوں میں دخل اندازی کے لئے وزیر اعظم نہیں بنایا گیا۔ ملک بھر کے عوام پانی و بجلی کے لئے ترس رہے ہیں۔انڈسٹری سیکٹر کو توانائی بحران کی وجہ سے شدید بحران کا سامنا ہے۔
دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کے مطالبے پر آصف علی زرداری کی حمایت کا خیر مقدم کیا ہے، کہتے ہیں ہمارا موقف درست ہے تو سابق صدر آزادی مارچ میں شریک ہوں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ اور آزادی مارچ کا مقصد شفاف انتخابات کے نظام کو متعارف کرانا ہے۔
انہوں نے آصف زرداری کی جانب سے تحریک انصاف کے مطالبے کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات کو بھی شفاف تسلیم نہیں کرتے۔
شاہ محمود قریشی نے آصف زرداری کو چودہ اگست کے آزادی مارچ میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت ہمارے موقف کو درست مانتی ہے تو آزادی مارچ میں بھی شریک ہوں۔