حکومت طالبان سے مذاکرات کیلئے آخری وقت تک سنجیدہ تھی، عبدالقادر بلوچ

 Abdul Qadir Baloch

Abdul Qadir Baloch

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے میں آخری وقت تک سنجیدہ تھی، اگر آپریشن کا پہلے بتاتے تو طالبان چھپ جاتے۔ رشید گوڈیل کہتے ہیں کہ مذاکرات میں وقت برباد ہوا، 6 ہزار طالبان افغانستان فرار ہوگئے۔

اسلام آباد میں سمینیار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان آپریشن کا اصل مقصد دہشت گردوں کے تربیتی مراکز کا خاتمہ ہے، آئی ڈی پیز پاکستان کے ہیرو ہیں، ان کی بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنماء قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ متاثرین کی رجسٹریشن میں مشکلات ضرور ہیں تاہم سب کو حکومت کی مدد کرنی چاہئے، پنجاب حکومت شدت پسندوں کیخلاف کارروائی کرے، ان کی حمایت نہ کرے۔

تقریب سے خطاب میں ایم کیو ایم کے رشید گوڈیل نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے نام پر قوم کا وقت برباد کیا گیا، مذاکرات کے دوران 6 ہزار دہشت گرد افغانستان فرار ہوگئے، کراچی میں بھی طالبان بڑی تعداد میں موجود ہیں۔