شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کو میڈیکل فوری سہولیات فراہم کی جائیں گی:زبیر حفیظ

Lahore

Lahore

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہاہے کہ شمالی وزیر ستان آپریشن کے متاثرین کو میڈیکل کی فوری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ادویات اور دیگر ضروری سامان سمیت میڈیکل کالجز سے جمعیت کے کارکنان دو روز میں متاثرین کے کیمپوں میں پہنچ جائیں گے جہاں وہ میڈیکل کیمپ لگا کر متاثرین کو بنیادی صحت کی سہولیات فر اہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ میں میڈیکل کالج کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں موجود میڈیکل کالجز سے ٹیمیں ابتدائی طبی امداد اور وبائی امراض سے بچائو کی ادویات لے کر متاثرین کے کیمپوں میں جائیں گی جب کہ اگلے مرحلے میں ملک بھر کے میڈیکل کالجز سے کارکنان جمعیت متاثرین کے کیمپس میں جاکر میڈیکل کی سہولیات فراہم کریں گے۔متاثرین کھلے آسمان تلے بے بس ہیں حکام بالا کی جانب سے عدم توجہی مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ ہے۔ ہنگامی بنیادوں پر ان کی بحالی اور سہولیات کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان اپنے قبائلی بھائیوں کی مدد اور ان کے ساتھ تعاون کے لئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ دریں اثناء انہوں نے بونیر میں افطار ڈنر سے خطاب کیا اور کارکنان جمعیت کی جانب سے آپریشن متاثرین کی بحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ بھی لیا۔