ممبئی (جیوڈیسک) عام طور پر لڑکیوں کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ ان کا شوہر ان کے والد جیسا ہو مگر بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کے خیالات اس کے برعکس ہیں۔
حال ہی میں بھارتی نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے پروگرام دی انوپم کھیر شو میں بالی ووڈ ہدایتکار مہیش بھٹ اور ان کی صاحبزادی عالیہ بھٹ کو مدعو کیا گیا جس کا ٹریلر آن ائیر کردیا گیا ہے جس میں انوپم کھیر نے عالیہ بھٹ سے سوال کیا کہ کیا وہ یہ چاہتی ہیں کہ ان کا شوہر بھی ان کے والد جیسا ہو۔ جس پر اداکارہ نے کہا کہ نہیں وہ ایسا نہیں چاہتیں۔
دریں اثنااداکار ورن دھون نے عالیہ بھٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالی ووڈ میں نئی نسل کی روبرٹ ڈی نیرو ہیں ۔عالیہ بہت اچھی اداکارہ ہیں ان سے کچھ سیکھنے کو من کرتاہے۔ عالیہ نے فلم ہائی وے میں بہت ہی اچھا کردار نبھایا ایسا کردار کسی بھی عمر کی اداکارہ کے لیے آسان نہ تھا۔ انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں کسی نے اپنی پہلی فلم کے بعد سے ہی بہت متاثر کن کام دکھا یا ہے یا ترقی کی ہے وہ عالیہ بھٹ ہیں۔