لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں شیرا کوٹ اور فیروز پور روڈ پر نشتر کالونی ، صوفی آباد ، جناح کالونی سمیت دیگر علاقوں میں کئی گھنٹے بجلی بند رہی۔
گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوا م کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو وہ سڑکوں پر نکل آئے۔ شیرا کوٹ میں مظاہرین نے لیسکو سب ڈویژن پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور ددفتر میں گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔
مظاہرین کے تیور دیکھ کر لیسکو کا عملہ بھی موقع سے فرار ہو گیا۔ فیروز پور روڈ پر بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے ستائے شہریوں نے ٹریفک روک دی جس سے دو گھنٹے تک ٹریفک بلاک رہی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ تین تین گھنٹے بعد بجلی صرف چند منٹ کےلیے آتی ہے۔
گھروں میں پینے کا پانی بھی ختم ہو گیا ہے اور کوئی ان کی سننے والا بھی نہیں۔ ملتان میں گلگشت اور اس کے نواحی علاقوں میں 12 گھنٹے تک بجلی بند رہنے کے بعد لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے چونگی نمبر چھ پر ٹائر جلا کر بوسن روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا شہریوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھا رکھے تھے اور وہ نعرے لگاتے رہے۔