مہمند ایجنسی، میاں منڈی بازار میں دکانداروں ، عوام اور فلاحی تنظیموں کا بجلی لوڈ شیڈنگ کرنے پر احتجاجی مظاہرہ

Protest

Protest

مہمند ایجنسی (نمائندہ حیران مومند) مہمند ایجنسی، میاں منڈی بازار میں دکانداروں، عوام اور فلاحی تنظیموں کا بجلی لوڈ شیڈنگ اور سڑک پر پانی چھڑ کائو نہ کرنے پر احتجاجی مظاہرہ۔ ایک گھنٹہ تک پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ بند۔ FWO کے اہلکاروں کے مظاہرین سے مذاکرات۔اے پی اے جمشید خان کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طریقے سے منتشر ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مہمند ایجنسی کے تحصیل حلیمزئی میاں منڈی بازار میں دکانداروں، عوام اور فلاحی تنظیموں کا بجلی لوڈ شیڈنگ اور ایف ڈبلیو او کے روڈ توسیعی منصوبے پر تعمیراتی کام کے دوران سڑک پرپانی چھڑ کائو نہ کرنے پر ایک سخت احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو او کے ورکر، اے این پی کے رہنما حاجی رسول خان و دیگر نے کہا کہ واپڈا نے علاقے کے غریب عوام کے ساتھ نارواسلوک رواں رکھا ہے۔ روزانہ بجلی کئی گھنٹوں تک غائب کی جاتی ہے۔

پینے کا پانی اور مسجدوں میں وضو کا پانی نہ ہونے سے روزہ داروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ٹیسکو اہلکار بعض بجلی لائنوں کو جاری رکھتے ہیں جبکہ اثر و رسوخ نہ رکھنے والوں کا بجلی لائن بند کئے جاتے ہیں۔ جو سراسر ظلم و نا انصافی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے غلنئی سے مامد گٹ روڈ پر تعمیراتی کمپنی ایف ڈبلیو او کے اہلکاروں پر بھی شدید نکتہ چینی کی گئی۔

کہ مذکورہ کمپنی کا تعمیراتی کام بھی سست روی کا شکار ہے۔ جس سے ہر طرف گرد و غبار کے بادل اُٹھ رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے دکانداران، عوام اور نزدیکی آبادی کے رہائشی مختلف بیماریوں اور ذہنی کوفت میں مبتلاء ہو چکے ہیں۔ مظاہرین نے مذکورہ کمپنی سے بازاروں اور رہائشی آبادی والے علاقوں میں روڈ پر چھڑ کائو کرنے کا مطالبہ کیا۔ بعد میں اے پی اے اپر مہمند جمشید خان کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طریقے سے منتشر ہو گئے۔