حکومت نے الیکشن میں دھاندلی کی شکایات پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرلیا

Elections

Elections

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے الیکشن 2013 میں قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کیلیے مطالبہ کیا جارہا ہے اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی اس معاملے کی واضح حمایت میں بیان جاری کیا ہے۔

اس معاملے کو قانونی طریقے سے حل کرنے کیلیے سپریم کورٹ کے حاضر سروس ججز پر مشتمل کمیشن کے قیام یا ایک خود مختارریٹائرڈ ججز پر مشتمل کمیشن کی تشکیل کیلیے فوری طور پر وزارت قانون سے رائے طلب کی جائے گی۔

وزیرا عظم اس حوالے سے سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل کمیشن کی تشکیل کیلیے خط لکھنے یا غیر جانبدار اعلیٰ اختیاراتی کمیشن کی تشکیل کا باضابطہ اعلان کریں گے،اس معاملے کو قانونی طریقے سے حل کرنے کے لیے وفاقی وزیر زاہد حامد کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کرنے کابھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس کمیٹی میں سیکریٹری قانون ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید اور حکومتی قانونی ماہرین شامل ہوں گے، جو وزارت قانون کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری پر مشاورت کر کے وزیرا عظم کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔

وزیر اعظم سابق صدر آصف علی زرداری ، مولانا فضل الرحمن ، عمران خان اور دیگر سیاسی قائدین سے بھی بات چیت کریں گے اورپہلے مرحلے میں سابق صدر آصف زرداری کے آئندہ چند روز میں وطن واپسی کے بعد ان کی وزیر اعظم سے ملاقات کا باضابطہ شیڈول طے کیا جائے گا۔