غزہ (جیوڈیسک) غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے ، گذشتہ رات بھی اسرائیلی بمباری سے متعدد فلسطینی جاں بحق ہو گئے ، اسرائیل نے غزہ کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں رہنے والوں کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔
فلسطین کے مختلف علاقوں پر رات بھر اسرائیلی طیارے بم برساتے رہے۔ اسرائیلی طیاروں نے رفاح اور خان یونس کے علاقوں کو نشانہ بنایا ،،جن میں 6 فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔
جس کے بعد نو روز سے جاری اسرائیلی حملوں میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 203 ہو گئی ہے۔ دوسری طرف اسرائیل نے مشرقی اور شمالی غزہ میں بسنے والوں ہزاروں فلسطینیوں کو علاقہ چھوڑنے کا حکم دیا ہےاور کہا ہے۔
کہ لوگ مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے قبل علاقے سے نکل جائیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ مصر کی جانب سے جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود اسرائیل پر راکٹ حملوں کے بعد ان کے پاس فضائی حملے جاری رکھنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔