آئی سی سی نے انگلش کھلاڑی جیمز اینڈرسن پر لیول تھری کا چارج لگا دیا

James Anderson

James Anderson

دبئی (جیوڈیسک) انگلینڈ کے مایہ ناز فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن پر بھارتی کھلاڑی رویندرا جدیجہ سے جھگڑا کرنے پر آئی سی سی کی جانب سے لیول تھری کا چارج لگا دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کی گورننگ باڈی کے مطابق جیمز اینڈرسن نے انگلینڈ اور بھارت کے درمیان گزشتہ ہفتے کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھانے کے وقفے پر جاتے وقت بھارتی بلے باز رویندرا جدیجہ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے۔

اور انہیں دھکا دیا، بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے ان کے اس رویے کے خلاف شکایت کی جس پر کارروائی کرتے ہوئے گورننگ باڈی نے جیمز اینڈرسن پر قوانین کی خلاف ورزی پر لیول تھری کا چارج لگانے کا فیصلہ کیا جبکہ کرکٹ کونسل نے معاملے کی باضابطہ تحقیقات کا بھی اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم مینجمنٹ کے اقدام پر انگلش کرکٹ بورڈ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے رویندرا جدیجا کے خلاف کرکٹ قوانین کی خلاف ورزی کی شکایت درج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ حکام کے مطابق جیمز اینڈرسن نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کے الزامات کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے جب کہ اس معاملے پر انگلش بورڈ جیمز اینڈرسن کے ساتھ ہے۔