چکوال (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت کم ہو گئی لیکن استعفے کی باتیں کرنے والے مکر گئے ، ماضی میں لوڈ شیڈنگ آج سے بھی بد ترین تھی ، کسی نے مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا ، مسائل حل کرنے میں وقت لگے گا۔
چکوال میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ملکی ترقی کیلئے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے۔
اسلام آباد سے مظفر آباد تک ریل کا منصوبہ بنا چکے ، موٹر وے کو کراچی لے جانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ مثبت حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کے باعث ڈالر نیچے آ گیا لیکن استعفے کی باتیں کرنے والے آج حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سابق دو حکومتوں نے لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا ۔ مسائل حل کرنے میں وقت لگے گا، موجودہ حکومت چار سال میں بہت کچھ کرے گی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا خاتمہ کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔