اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اجلاس میں سینیٹر بابر اعوان نے کہا کہ نئے حج آپریٹرزکو موقع ملنا چاہیے تاکہ مقابلے کی فضا پیدا ہو۔
سینیٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ بینکوں کی سنگین غلطیوں کی وجہ سے ہزاروں افراد فریضہ کی ادائیگی سے رہ جائیں گے، معاملہ ایف آئی اے کو بھجوایا جاناچاہئے۔
حافظ حمد اللہ کی زیرصدارت ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور کے اجلاس میں سینیٹر بابر اعوان نے کہا کہ وزارت مذہبی امورکی پرائیویٹ حج آپریٹرز کو کوٹہ دینے کی پالیسی آئین سے متصادم ہے، نئے حج آپریٹرزکو موقع ملنا چاہیے تاکہ مقابلے کی فضا پیدا ہو، سستا حج کرانے والوں کو پرائیویٹ کوٹہ دیا جانا چاہیے۔
انکا کا کہنا تھا کہ ایران، ملائیشیا، انڈونیشیا اور بھارت ہم سے سستا حج کروا رہے ہیں۔ وزیرمملکت برائے مذہبی امور پیرامین الحسنات کا کہنا تھا کہ ملائیشیا اور انڈونیشیا ہم سے زیادہ حج اخراجات لے رہے ہیں، بھارت ڈھائی لاکھ میں حج کروا رہا ہے۔
وزیر مملکت برائے مذہبی امور نے کہا کہ ہر عازم حج کو تقریباً 20 ہزار روپے واپس کریں گے۔ سعودی حکام نے پاکستانی حاجیوں کے لیے کھانے کی شرط ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال سستا حج کروارہے ہیں، اس سال تقریباً ڈھائی لاکھ روپے میں حج ہو گا۔
سینیٹرزاہد خان نے کہا کہ بنکوں کی سنگین غلطیوں کی وجہ سے ہزاروں افراد فریضہ کی ادائیگی سے رہ جائیں گے، یہ معاملہ ایف آئی اے کو بھجوایا جانا چاہئے۔